دنیا کے امن کو درپیش خطرات پر اظہار تشویش اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگی جرائم کی شدید مذمت

نئی دہلی: ہندوستان کی سرکردہ مسلم تنظیموں کا وفاق آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے امریکہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ جنگ بندی مغربی ایشیا میں مزید تباہی اور کشیدگی سے بچاؤ کے لیے ایک اچھا اور ضروری قدم ہے۔ مشاورت کے صدر جناب فیروز احمد ایڈوکیٹ نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر حملے ایک خودمختار پر بلا جواز جارحیت، اس کی خود مختاری کی پامامالی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ صدر ٹرمپ کے حملوں اور جارحیت سے عالمی نظام اور خطے میں امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مشاورت نے اسی کے ساتھ غزہ میں جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں، عام شہریوں کے قتل عام اور انسانی بحران پر شدید رنج و غم اور سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔اس کا ماننا ہے کہ اسپتالوں، اسکولوں، صحافیوں اور امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

مشاورت کو امریکہ جیسے بااثر عالمی طاقتوں کی اسرائیل کی کھلی حمایت پر شدید تشویش ہے، جو اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عالمی اصولوں کو پامال کرنے کی شہ دے رہی ہے۔ فلسطینی عوام پر مسلط طویل عرصے سے جاری مظالم، محاصرہ، جبری بے دخلی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عالمی برادری کے لیے ایک کڑی آزمائش ہے۔

مشاورت عالمی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر سے اپیل کرتی ہے کہ وہ:

1.             غزہ سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں فوری اور مستقل جنگ بندی کو یقینی بنائیں اور عام شہریوں کو تحفظ دیں۔

2.             جنگی جرائم کے مرتکبین کو بین الاقوامی عدالتوں کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

3.             اس بحران کی بنیادی وجہ اسرائیل کے غیر قانونی قبضے اور نسل پرستانہ پالیسیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

4.             غزہ کی ناکہ بندی ختم کی جائے اور انسانی امداد کی آزادانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

5.             فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور بین الاقوامی قانون پر مبنی منصفانہ امن کی کوششوں کو بحال کیا جائے۔

مشاورت فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور دنیا بھر کے تمام انصاف پسند، امن دوست اور انسانی وقار کے علمبرداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *