ڈاکٹر سنگھ کی سیکولرزم، جمہوریت اور جامع ترقی کے لیے غیر متزلزل وابستگی بے مثال تھی

نئی دہلی:سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہو ہے مشاورت کے صدر جناب فیروز احمد ایڈوکیٹ کے دستخط سے قوم کے نام اور اہل خانہ کے لیے درج ذیل بیان جاری کیا ہے:

آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر، جو 26 دسمبر 2024 کو 92 سال کی عمر میں وفات پا گئے، گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے۔ ان کا انتقال نہ صرف ایک سابق وزیر اعظم کی وفات ہے بلکہ ایک ممتاز ماہر اقتصادیات، جید اسکالر اور ہندوستانی معیشت کے مصلح کی وفات ہے۔

ڈاکٹر سنگھ کی وزارت عظمیٰ(2004 سے 2014) کے دور حکومت کو انقلابی اقتصادی اصلاحات کے لیے یاد رکھا جائے گا، انہوں نے ہندوستانی معیشت کو بدل کر رکھ دیا۔ ان کی قیادت اور قوم کی ترقی کے لیے ان کی لگن نے ہندوستان کی تاریخ پر ایک ناقابل فراموش نقوش چھوڑے ہیں۔ مسلم مجلس مشاورت ڈاکٹر سنگھ کی سیکولرزم، جمہوریت، اور جامع ترقی کے لیے غیر متزلزل وابستگی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ مختلف برادریوں کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں ان کی کوششیں مشاورت کے اس مشن کے ساتھ گہرائی سے ہم آہنگ ہیں جو مذہبی اور آئینی حقوق کے تحفظ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ پرمبنی ہے۔

اس قومی سوگ کے وقت، مشاورت پوری قوم کے ساتھ ڈاکٹر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے میں یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ ہم ان کے خاندان اور عزیزوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے اور ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنیں۔