مشاورت کا ہلدوانی معاملے پر سخت تشویش کا اظہار، بلاجوازتشدد کی مذمت اور اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ

نئی دہلی:بھارتیہ مسلمانوں کے ممتاز وفاقی ادارہ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب فیروز احمد ایڈوکیٹ نے ہلدوانی کے بن بھول پورہ میں مدرسہ، مسجد اور درگاہ پر ہوئی انہدامی کارروائی کے بعد پولیس انتظامیہ کے جانب سے فرقہ وارانہ انتقامی کارروائی پر سخت تشویش  کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ نے بلا کسی جواز کے اور جان بوجھ کر اقلیتی فرقہ کے لوگوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کے تحت ریاست اور ملک کے دوسرے علاقوں میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں حکمراں جماعت کو سیاسی فائدہ مل سکے۔

صدر مشاورت جناب فیروز احمد ایڈوکیٹ نے اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ  پولیس کی کارروائی میں ناحق  مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو  فی کس 50لاکھ روپے معاوضہ دینے کے ساتھ اس گھناؤنے معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس کی ظلم اور زیادتی کی وجہ سے اب تک سینکڑوں لوگ فساد زدہ علاقے سے نقل مقانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ یہ ظلم کی انتہا ہے اور کوئی بھی انصاف پسند معاشرہ اس کو قطعی برداشت نہیں کر ے گا۔ بچوں اور خواتین پر پولیس کی پر تشدد کارروائی سخت قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔

 صدر مشاورت نے کہا کہ حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ عدالت عالیہ نے اس پورے علاقے میں انہدام پر حکم امتناعی دے رکھی لیکن اس کے باوجود مقامی انتظامیہ نے جان بوجھ کر اقلیتوں کے دینی مقامات کو نشانہ بنایا، ان کے جذبات کو مجروح کیا اور ان کو جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

 مشاورت نے سپریم کورٹ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ عدالت عظمیٰ اس پورے معاملے پر ازخود نوٹس لے اور جن اہلکاروں نے عدالت کے فیصلہ کے خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مشاورت کے صدر نے ملک کے انصاف پسند لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف کھڑے ہوں،ملک کے سماجی تانے بانے کو بکھرنے اور قانون کی حکمرانی کو تباہ ہونے نہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ دہلی اور یوپی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر اس قسم کی اشتعال انگیز ظالمانہ کارروائیاں اور سرکاری فورسزکا ناروا استعمال غماز ہے کہ یہ واقعات اتفاقی اور الگ تھلگ نہیں ہیں بلکہ 

منصوبہ بند سازش کا حصہ ہیں۔


Resolutions

Press Note

Announcement

Join us on WhatsApp

Join our group to stay updated with latest announcement, Press Notes & Resolutions

Join Now