قائدملت ایجوکیشنل اینڈسوشل ٹرسٹ(چنئی) کی ایوارڈ کمیٹی نے2024 کے اس باوقار قومی ایوارڈ کامستحق جان دیال کوبھی قرار دیا، ۵ لاکھ روپے کا یہ ایوارڈ2015ء سے ہرسال عوامی زندگی میں گرانقدر بے لوث خدمات کے لیے پیش کیاجاتاہے
نئی دہلی:جنوبی ہندکے مشہوروباوقارادارہ قائدملت سوشل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ(چنئی)نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدرجناب نوید حامدکو 2024کا’قائد ملت ایوارڈ‘دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ایم جی داؤدمیاں خان کی جاری کردہ اطلاع کے مطابق ملک کے مشہورسیاسی و سماجی رہنماقائد ملت محمداسماعیل مرحوم(بانی انڈین یونین مسلم لیگ) کی یادمیں قائم شدہ،5لاکھ روپے،سندتوصیفی اور ٹرافی پرمشتمل یہ ایورڈ 2015 سے ہرسال گرانقدربے لوث عوامی خدمات کے لیے دیاجاتا ہے۔اس بارمشہورماہرتعلیم ڈاکٹر وی وسنتی دیوی (سابق وائس چانسلر ایم ایس یونیورسٹی) کی زیر صدارت چاررکنی سلیکشن کمیٹی فارایوارڈنے نوید حامد اور جان دیال کو ایوارڈ کا مستحق قرار دیاہے جو ان کو اپریل میں ایک بڑے جلسہ میں پیش کیا جائیگا۔ قائدملت ٹرسٹ یہ ایوارڈ اس سے پہلے تیستا شیتلواڈ،آر نلاکنو، این سنکریا،سید شہاب الدین،مانک سرکار، حامد انصاری،ارونارائے،اے جی نورانی، ہرش مندر،بلقیس بانو(شاہین باغ کی دادی)، ڈاکٹر عرفان حبیب،تھری کے ویرامنی،دی وائر(ڈیجیٹل پورٹل)،این رام (دی ہندو)اورڈاکٹر ابو صالح شریف کو پیش کرچکا ہے۔
مشاورت کے قومی صدر فیروز احمد ایڈوکیٹ نے اپنے پیشروجناب نوید حامد اور معروف صحافی وسماجی خدمت گارجناب جان دیال کو اس باوقار ایورڈ کے لیے منتخب کیے جانے پر سلیکش کمیٹی کے ارکان اور ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ایم جی داؤد میاں خان کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ انعام یافتگان کو مبارک باد پیش کی ہے۔
1980ء کے اواخر سے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے لیے کام کرتے آئے، نویدحامد23جون1963ء کو دہلی میں پیداہوئے اوروہ سیاسی و سماجی زندگی میں اس وقت سے سرگرم عمل ہیں جب دہلی یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔2016ء سے2023تک وہ مشاورت کے صدر رہے ہیں اورفی الحال نائب صدر ہیں۔یوپی اے حکومت کے دور میں ان کا شمار ملک کے سب سے بااثرمسلم لیڈروں میں ہوتا تھا اور حکومت ہندنے ان کومسلسل دو میعاد(2004۔ 2014)کے لیے قومی یک جہتی کونسل کا رکن مقررکیا۔ساؤتھ ایشین کونسل فار مائنارٹیز(ایس اے سی ایم)کے بانی سکریٹری اور موومنٹ فار امپاورمنٹ آف مسلم انڈینس(MOEMIN)کے قومی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے بھی انہوں نے گرانقدرخدمات انجام دی ہیں۔وہ2008ء میں نئی دہلی گلوبل مائنارٹیزمیٹ کے موقع پر18ملکوں کے مندوبین کی موجوگی میں گلوبل مائنارٹیز فورم فارجسٹس اینڈ پیس کے جنرل سکریٹری منتخب کیے گئے تھے۔2023-24 میں انہوں نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت اور متعدد دلت، عیسائی اوردیگرمظلوم اقوام کی تنظیموں کو ساتھ لاکر ’وایلنس فری انڈیا‘مہم منظم کیا۔