آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر فیروز احمد ایڈوکیٹ نے سینسر بورڈ کو خط لکھا
نئی دہلی 29مئی 2024: آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر فیروز احمد ایڈوکیٹ نے ’ہم دو ہمارے 12‘ نام کی فلم کے ٹریلر پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک نہایت زہریلی اور شر انگیز فلم ہے جو مسلمانوں کو بد نام کرنے اور نفرت پھیلانے کے ارادے سے بنائی گئی ہے۔ صدر مشاورت نے فلم سینسر بورڈ آف انڈیا کے نام خط لکھ کر اس فلم کی ریلیز پر فی الفور پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ 7جون کو ریلیز کی جانے والی یہ فلم اسلام، مسلمان،مسلم خواتین اور ہندوستانی مسلم سماج کو بد نام کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ جس کے خلاف ایکشن لینا ضروری ہے تاکہ اس فتنے کی بر وقت سرکوبی کی جاسکے۔
صدر مشاورت نے ملک کے انصاف پسند شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس فلم کے پروڈیوسر کو ایک خاص مذہبی طبقے کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت ہر گز نہ دیں۔ سماج کے امن کو تباہ کرکے پیسہ کمانے کی حوصلہ افزائی کی گئی تو یہ لعنت وبا کی صورت اختیار کرلے گی۔ انھوں نے کہا کہ نفر ت کی تجارت ملک کو تباہ کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔
